ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی ٹی روی کا بھٹکل دورہ؛پارٹی کے قصیدے سناتے ہوئے واپس بی جے پی کو اقتدارپرلانے کارکنوں پردیا زور

سی ٹی روی کا بھٹکل دورہ؛پارٹی کے قصیدے سناتے ہوئے واپس بی جے پی کو اقتدارپرلانے کارکنوں پردیا زور

Mon, 20 Feb 2023 00:16:38    S.O. News Service

بھٹکل 19 فروری (ایس او نیوز) بی جے پی کے نیشنل جنرل سکریٹری سی  ٹی روی نے آج اتوار کو بھٹکل کا دورہ کرتےہوئے ایک طرف مسلمانوں کی تنظیم کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں، اپنی پارٹی کے قصیدے سناتے ہوئے کارکنان پر زوردیا کہ بی جےپی کے نظریاتی پروگرام کوروبہ عمل لانے کےلئے کارکنان کو ہی متحد ہوکرکام کرنا ہوگا اور پارٹی کودوبارہ اقتدار پرلانے کے لئے ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔

خیال رہے کہ اگلے تین چارماہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لےکرایک طرف ملک کے وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ امت شاہ باربار کرناٹک کا دورہ کررہے ہیں اوراپنی پارٹی کو کسی بھی حال میں واپس اقتدارپرلانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زورلگایا جارہا ہے وہیں میسور کے حکمراں ٹیپو سلطان جنہوں نے انگریزوں کو ملک سے بھگانے کے لئے جام شہادت نوش کی تھی، کی غلط تاریخ بار بار پیش کرکے انتخابات کو ٹیپو بمقابلہ ساورکرکا نام دے کرساورکر کے نظریات کو کامیاب کرانے کی اپیل کی جارہی ہے۔

کرناٹک کے چکمنگلورکے لیجسلیٹرسی ٹی روی نے آج بھٹکل میں کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جس کو کارکنان چلاتے ہیں۔ اوراس پارٹی کومضبوط کرنے اور واپس اقتدار پر لانے کے لئے کارکنان کو ہی متحد ہوکرکام کرنا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کارکنان پر زوردیا کہ وہ آج سے ہی بوتھ سطح پر کام سنبھالے۔

سی ٹی روی کےمطابق بی جے پی میں کارکنان ہی مالک ہیں، پارٹی کے لئے کوئی دوسرا مالک نہیں ہے، لیکن جے ڈی ایس میں ایچ ڈی دیوے گوڈا اور کماراسوامی پارٹی کے مالک ہیں جبکہ ملیکارجن کھرگے کانگریس کے مینجر ہیں اورسونیا گاندھی اور راہول گاندھی مالک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی میں نظریہ،ذات اورخاندان کوکسی طرح کی فوقیت حاصل نہیں ہے، ہماری پارٹی ملک کواولین ترجیح دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم مودی نے کشمیر کا مسئلہ حل کیا جو 1952 سے حل نہیں ہوسکاتھا، لیکن اگر کانگریس دوبارہ برسراقتدارپرآئی تو وہ کشمیر میں دفعہ 370 کو دوبارہ نافذ کریں گے،اس لئے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ کانگریس کی ذہنیت کیا ہے۔ ایودھیا مسئلہ حل کرنے کے بعد وہاں ایک شاندار رام مندر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیدارناتھ، کاشی، اجین، سومناتھ جیسے تمام مذہبی مراکز کو کھولنے والی مرکزی حکومت ترقی میں کبھی پیچھے نہیں رہی۔ آگے کہا کہ مرکزی حکومت نے ذات، عقیدہ یا فرقہ کو دیکھے بغیر ملک بھر میں ہمہ جہت ترقی کی ہے اور ریاست میں شاہراہوں اور ہوائی اڈوں کی ترقی میں بھی کوئی امتیاز نہیں برتا گیا ہے۔

اس موقع پربھٹکل ایم ایل اے سنیل نائیک نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں میں نے اپنے کارکنوں کی فلاح و بہبودی کے تحفظ کے لیے سخت محنت کی ہے۔ کارکنان ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں اس لیے میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں اور ان کی فلاح و بہبود کا خیال رکھ رہا ہوں، چاہے کوئی بھی مسئلہ ہو۔ اس سے قبل 2013 سے 2018 تک ہمارے کارکنوں کے خلاف 3218 مقدمات درج کیے گئے۔ ہوناور کیس میں 3440 مقدمات درج کیے گئے۔ لیکن مجھے فخر ہے کہ 2018 سے ہمارے کارکنوں کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 300 سے تجاوز نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ انہوں نے لڑائی نہیں کی، ہماری جدوجہد مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اگلے تین ماہ تک مزدوروں کی فلاح و بہبود کا خیال رکھیں۔

ضلع بی جے پی۔ صدر وینکٹیش نائک اوربورڈ صدر سبریا دیواڈیگا نے بھی اس موقع پرخطاب کیا۔ ویسٹرن گھاٹ ٹاسک فورس کے صدر گووند نائیک، این ایس ہیگڈے، پرتھم نائک، روی نائک، راجیش نائک، بھاسکر دائمانے، موہن نائک، سریش نائک، گووردھن نائک ودیگر کئی اراکین موجود تھے۔


Share: